• news

کھانا کھانے یا سونے نہیں جائوں گا: طاہرالقادری

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نیوز ایجنسیاں) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے تحریک انصاف کے کارکنوں کو برستی بارش میں چھوڑ کر چلے جانے پر تنقید کی ہے۔ ہفتہ کو طاہر القادری نے انقلاب مارچ کے شرکاء سے ابتدائی خطاب میں نام لئے بغیر عمران خان پر تنقیدکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ان لیڈروں میں سے نہیں ہوں جو اپنے کارکنوں کو  مشکل میں چھوڑ کر خود آرام کرنے چلا جائوں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں (ق) لیگ کے چوہدری شجاعت حسین نے ایف ایٹ میں اپنی رہائشگاہ پر آرام کیلئے چلنے کی دعوت دی لیکن میں نے کارکنوں کو بارش میں چھوڑ کر آرام کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ میں  ہر طرح کے حالات میں اپنے کارکنوں کے درمیان  رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میرا گلہ انفیکشن کا شکار تھا اور 38 گھنٹوں سے سویا نہیں تھا لیکن میں نے کارکنوں کو چھوڑنا جائز نہیں سمجھا اور ایک منٹ کیلئے بھی انقلاب مارچ سے باہر نہیں گیا۔ اردو اور انگریزی زبانوں میں کئے جانے والے الگ الگ خطابات میں طاہرالقادری نے کہا کہ وہ پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہیں اور جب تک انقلاب مکمل نہیں ہوجاتا وہ کارکنوں کے ساتھ دھرنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی زندگیاں قربان کر دیں گے مگر تشدد کا راستہ نہیں اپنائیں گے، ہمارا عقیدہ امن ہے۔ اگر کوئی گولی چلائے تو اپنا سینہ آگے کردینا، کارکنوں کو ہدایت ہے کہ کوئی مسلح شخص اگر نظر آئے تو انتظامیہ کے حوالے کرنا۔

ای پیپر-دی نیشن