• news

گوجرانوالہ: پومی بٹ سمیت 9 افراد کی ضمانت منظور، رہا ئی کا حکم

گوجرانوالہ + لاہور (نمائندہ خصوصی + ثناء نیوز) گوجرانوالہ کی عدالت نے پی ٹی آئی کے آزادی مارچ پر پتھرائو کرنے کے الزام میں گرفتار مسلم لیگی ایم پی اے کے بھائی سمیت 9 افراد کی ضمانت منظورکر لی۔ عدالت نے ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکوں پر رہائی کا حکم دیا۔ تھانہ سبزی منڈی پو لیس نے تحریک انصاف کے آزادی مارچ پر حملہ کرنے کے الزام میں مسلم لیگی ایم پی اے عمران خالد بٹ کے بھائی سلمان خالد عرف پومی بٹ کو 9 افراد سمیت سول جج شہریار کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پی ٹی آئی قیادت کی طرف سے ایم پی اے عمران خالد بٹ کے بھائی سلمان خالد عرف پومی بٹ پر الزام عائد کئے جانے پر اعلی مسلم لیگی قیادت کی ہدایت پر سلمان خالد عرف پومی بٹ نے گذشتہ رات تھانہ سبزی منڈی میں پیش ہو کر ساتھیوں سمیت گرفتاری دے دی تھی۔ ثناء نیوز کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ عمران خان اور تحریک انصاف کے کارکنان کے درمیان باپ بیٹے والا رشتہ ہے اس رشتے کو مہمان حکمرانوں کی کوئی سازش نقصان نہیں پہنچا سکتی، کارکنوں کے حوصلے بلند اور وہ بادشاہت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں کہاکہ شریف بادشاہت میں قانون صرف پومی اور گلوں بٹوں کا محافظ ہے ، عام آدمی کو قتل کی ایف آئی آر کے اندراج کا بھی حق نہیں ملتا، عمران خان پر قاتلانہ حملہ کے ملزمان کی گرفتاری محض ڈرامہ اور میڈیا سٹنٹ تھی، پولیس نے 10گھنٹے بعد ہی انہیں پروٹوکول کے ساتھ گھروں میں پہنچا دیا، ہمیں کھانے کی پیشکش کرنیوالے وزیراعظم اور حکومتی کل پرزے فاقوں اور بھوک سے نڈھال 50فیصد انتہائی غریب آبادی کو سستی خوراک مہیا کریں۔

ای پیپر-دی نیشن