لیاقت بلوچ کے فضل الرحمن، حافظ سعید، سمیع الحق، لدھیانوی اور دیگر کو فون
لاہور ( سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے مولانا فضل الرحمن ، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر ، پیر عبدالرحیم نقشبندی ، پروفیسر حافظ محمد سعید ،جنرل حمید گل، پروفیسر ساجد میر ، مولانا سمیع الحق اور مولانا محمد احمد لدھیانوی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیااور ملک کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کی حکومت ، اپوزیشن جماعتوں سے سیاسی بحران کے حل کیلئے رابطوں ، ملاقاتوں سے آگہی دی ۔ تمام قائدین نے اتفاق کیا ملک خطرات اور بحرانوں میں گھراہواہے ۔ حکومت اور احتجاج کرنے والی جماعتوں کو بہت احتیاط سے اقدام کرنا ہوں گے ۔ ضد ، انا اور ہٹ دھرمی ملک و ملت کو بڑی تباہی سے دوچار کردیگی۔ حکومت تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک مذاکرات کا آغاز کریں اور آئین و جمہوریت کی حدود میں رہتے ہوئے حل تلاش کر لیں ۔ جماعت اسلامی کا سیاسی بحران سے نکلنے کیلئے پانچ نکاتی فارمولا اچھی بنیاد مہیا کرتاہے ۔ سپریم کورٹ نے آئینی پٹیشن پر بروقت اور درست تحفظات کا اظہار کیا تمام ریاستی ادارے آئین کی پابندی کریں ، آئین سے ماورا کوئی قدم نہ اٹھایا جائے۔ خطرہ ہے اگر اب آئین سے ماورا قدم اٹھایا گیا تو خدانخواستہ آئین معطل نہیں اسکا مکمل خاتمہ ہوگا۔ حکومت اور احتجاج کرنیوالی جماعتیں امن اور صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور ثابت کردیں تلخی اور احتجاج کے باوجو د ان میں آئین اور جمہوریت کی حفاظت کی صلاحیت ہے ۔