• news

مارچ کا ہر مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو رہا ہے، حکومت پر روزانہ دبائو بڑھے گا: شجاعت، پرویز الٰہی

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے صدر سنیٹر چودھری شجاعت حسین اور مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ انقلاب مارچ کا ہر مرحلہ نہایت کامیابی سے مکمل ہو رہا ہے، مارچ کے شرکاء کا جوش و جذبہ کم نہیں ہو گا، حکمرانوں نے ہٹ دھرمی کی تو انجام اچھا نہیں ہو گا، ملکی اور قومی مفاد کا تقاضا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب فوری طور پر مستعفی ہو جائیں۔ وہ مسلم لیگ ہائوس اسلام آباد میں کارکنوں کے نئے قافلوں سے خطاب کر رہے تھے۔ بعد ازاں دونوں رہنمائوں کا سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل قافلے کی قیادت کرتے ہوئے خیابان سہروردی پہنچنے پر نہایت پرجوش اور زبردست نعرہ بازی سے استقبال کیا گیا۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے مسلم لیگ ہائوس میں مزید کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی عوامی تحریک، ہماری ق لیگ، صاحبزادہ حامد رضا کی سنی اتحاد کونسل، علامہ راجہ ناصر عباس کی مجلس وحدت المسلمین کا اتحاد اپنے کارکنوں، ساتھیوں اور ہمارے مشن سے ہمدردی رکھنے والے عوام کے تعاون سے انقلاب مارچ کی صورت میں نئی تاریخ لکھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ 1977ء کے حالات کو پیش نظر رکھیں، اپنے مقاصد کے حصول تک انقلاب مارچ بڑھتا چلا جائے گا، ہر روز مختلف شہروں اور قصبوں سے کارکن روزانہ مارچ میں شامل ہوتے جائیں گے جس سے حکومت پر دبائو میں اضافہ روز بروز اضافہ ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن