• news

غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری، پانی کی بھی قلت، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

لاہور (نامہ نگاران) لاہور سمیت کئی شہروں میں لوڈشیڈنگ جاری جس سے کاروبار زندگی درہم برہم ہو گئے۔ ڈونگہ بونگہ سے نامہ نگارکے مطابق ڈونگہ بونگہ اور گردونواح میں بجلی کی کئی کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ، لوگوں کا کاروبار زندگی درہم برہم، مساجد میں وضو کرنے اور گھروں میں پینے کے پانی کی بوند بوند کو عوام ترس گئے، مزدور محنت کش عوام بیروزگاری کی وجہ سے فاقہ کشی کا شکار ہوگئے۔  یونین کونسل ڈونگہ بونگہ کی طرف سے واٹر سپلائی کا نظام خراب، واٹر پمپ بند، مشینری خراب، مرمت و تیل کے نام پر کاغذی بل تیار ہونے لگے، یونین کونسل کا عملہ عوام کیلئے عذاب بنا ہوا ہے، سماجی کارکن اظہر حسین بھٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے واٹر سپلائی کا نظام بہتر بناکر لوگوں کو پینے کا پانی فراہم کیا جائے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا اس علاقہ کے ممبران اسمبلی کامیاب ہونے کے بعد علاقہ کے لوگوں کے حل طلب مسائل حل ہونے کی بجائے التواء کا شکار ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے عوام میں سخت تشویش پائی جا رہی ہے۔ اظہر حسن بھٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔ ساہوکا سے نامہ نگار کے مطابق حاجی شیر فیڈر میںغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ معمول بن گئی، صارفین کی قیمتی الیکٹرونکس اشیاء جلنے لگیں۔  اعلیٰ حکام سے اصلاح واحوال کا مطالبہ کیا گیا۔ حاجی شیر فیڈر پر زائد لوڈ کی وجہ سے ٹرپنگ معمول بن گئی۔ ہر 2 منٹ بعد ہونے والی ٹرپنگ سے صارفین کی قیمتی الیکٹرونکس اشیاء جلنے لگی جبکہ دوسرے فیڈروں کی نسبت حاجی شیر فیڈر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔ صارفین نے اعلیٰ حکام سے ٹرپنگ اور بجلی کی صورت حال پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔  وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق  بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے  جس کی وجہ سے طبقہ اور عام شہریوں کسانوں، کاشتکاروں کے مسائل بڑھ گئے ہیں آئے روز ٹرپنگ بھی شدت اختیار کر  گئی مریض بچے بوڑھے اور خواتین کی پریشانی  اور مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے جس پر مرکزی انجمن  تاجران کے صدر ارشاد  حسین بھٹی جنرل سیکرٹری  راؤ خلیل احمد چودھری محمد صفدر گجر، ساجد مسعود، میاں ساجد، آصف چودھری، محمد سرور،  خورشید جوئیہ و دیگر نے  احتجاج کرتے ہوئے  حکومت سے فی الفور لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کا مطالبہ کیا ہے۔اسلام آباد سے آئی این پی  کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار  نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی کے لئے وزارت پانی و بجلی کو 20 ارب روپے جاری کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں جو پی ایس او اور آئی پی پیز کو ادا کئے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن