• news

عمران کے پاس وقت ہے جمہوریت کی طرف لوٹ آئیں، احتجاجی پروگرام پرنظرثانی کریں: شہباز شریف

لاہور(خبر نگار)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے احتجاجی سیاست کو آزما کر دیکھ لیا ہے اور عوام نے احتجاجی سیاست کومسترد کر کے اپنی رائے دے دی ہے۔ عمران خان نے پاکستان کے سیاسی نظام میں زندہ رہنا ہے تو انہیں سیاسی انداز فکر اور سیاسی طرز عمل اپنا نا ہوگا۔ وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے۔    وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کے پاس ابھی بھی وقت ہے کہ وہ جمہوریت کی طرف لوٹ آئیں ورنہ سیاست کی دکان میں ان کے دام اپنی وقعت کھو بیٹھیں گے اور ان کے کوئی دام نہیںبڑھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صبح کا بھولا اگر شام کو گھر واپس آجائے تو اسے بھولا نہیں کہتے لہٰذا عمران خان اپنے احتجاجی پروگرام پر نظر ثانی کریں۔ ایک سیاستدان کا اوڑھنا بچھونا سیاست اور عوام کی طاقت ہونا چاہیے جس کا اظہار عوام کے ووٹ کرتے ہیں۔ بہت اچھا ہوتا کہ اگر عمران خان ملک میں تبدیلی لانا چاہتے تو انہیں اس کا آغاز مئی2013ء میںخیبر پی کے میں اپنی حکومت سنبھالنے کے فوراً بعد کردینا چاہیے تھا۔ خیبر پی کے کے عوام حکمرانوں اور سیاستدانوں سے اس سلوک سے مختلف سلوک کی توقع رکھتے تھے جو ان سے روارکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام مصیبت کے وقت کام آنے والے اپنے ہمدردوں اور غم خواروں کو کبھی فراموش نہیں کرتے اور جنوبی پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی عام انتخابات میں شاندار کامیابی اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت کو عوام کے موڈ کا لاہور ہی میں اندازہ ہوگیا تھا۔ حقیقت میں تحریک انصاف کا مارچ اسلام آباد میں نہیں لاہور ہی میں ناکام ہو گیا تھا اورعوام یوم آزادی متنازعہ بنانے پر ناراض ہیں۔جمہوریت میں فیصلے سڑکوں پر نہیںبلکہ پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں، سیاسی تنازعات کابہترین حل مذاکرات کی میز پر طے کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان کا مستقبل جمہوریت اور جمہوری نظام سے جڑا ہوا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ عوام کے مفادات کو عزیز رکھا ہے اور ان کی بے لوث خدمت کی ہے۔6برس کے دوران صوبے کے عوام کی دن رات خدمت کی ہے اور آئندہ بھی عوام کی خدمت کا سفر جاری و ساری رہے گا۔ مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام کے معیارزندگی میں بہتری لانے اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے بڑے منصوبے تیز رفتاری سے مکمل کر رہی ہے۔عوام نے مسلم لیگ(ن) کو ملک کو مسائل کے بھنور سے نکالنے کا بھرپور مینڈیٹ دیا۔ ملک وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ترقی کے جس سفر پر گامزن ہے اپنی منزل ضرور حاصل کرے گا اور ملک مسائل سے نکلے گا اوردنیا کی عظیم معاشی قوت بنے گا۔ ملک و قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی اور خوشحالی کامارچ جاری رہے گا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے نجی ٹی وی اسلام آباد کے بیورو چیف رانا جواد کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن