• news

بھارتی فوج کی چپراڑ، ہریال اور نکیال سیکٹروں میں بلااشتعال فائرنگ، گولہ باری

سیالکوٹ + لاہور + کوٹلی (نامہ نگار + خبر نگار + اے این این) سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری لائن کے چپراڑ اور ہریال سیکٹر پر بھارتی سکیورٹی فورسز نے بلااشتعال فائرنگ اورگولہ باری کی ، چپراڑ سیکٹر میں سات پاکستانی دیہات کو نشانہ بھی بنایا ہے تاہم چناب رینجر ز کی منہ توڑ جوابی کارروائی کے بعد بھارتی فائرنگ وگولہ باری کا سلسلہ رک گیا ہے اور بھارتی گنیں خاموش ہوگئیں۔ بھارتی سکیورٹی فورسز نے اعلیٰ صبح چار بجے چپراڑ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری کا سلسلہ شروع کردیا اور پاکستانی چوکیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی اور مشین گنوں کا آزادانہ استعمال کیا اوردرجنوں کی تعداد میں مارٹر گولے بھی پھینکے۔ سکیورٹی فورسز نے سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری لائن پر واقع نند پور، کیسرا اور رنگ پورہ سمیت سات پاکستانی دیہاتوں پر بھی بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری کی جس سے متعدد مکانوں کو نقصان بھی پہنچا جس کی وجہ سے پاکستانی دیہاتوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ چناب رینجرز نے بھارتی فائرنگ وگولہ باری کا منہ توڑ جواب دیا جس کے بعد بھارتی جانب سے فائرنگ وگولہ باری رک گئی۔ بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ صبح چھ بجے تک وقفے وقفے سے جاری رہا جس کے جواب میں پاکستان رینجرز کو ہر بار بھرپور جواب دے کر بھارتی گنوں کو خاموش کرانا پڑا۔کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں لائن آف کنٹرول کے نکیال سیکٹر پر بھی بھارتی فورسز نے بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری کی، پاکستانی سکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی پر دشمن کی گنیں خاموش ہوگئیں۔ادھر بھارتی فوج نے پاکستانی فورسزپرجنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حمیرپور سب سیکٹر میں اس کی اگلی چوکیوں کونشانہ بنایا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن