کولمبو ٹیسٹ : پاکستانی بیٹنگ پھر دھوکہ دے گئی‘ 127 پر 7 آئوٹ‘ کامیابی کیلئے 144 رنز درکار تین وکٹیں باقی
کولمبو (سپورٹس ڈیسک+آئی این پی) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی بلے بازوں کی شرمناک کارکردگی کی وجہ سے ٹیم کو یقینی شکست کا سامنا ، سری لنکا کی طرف سے کامیابی کیلئے دیئے گئے 271 رنز کے ہدف کے حصول میں پاکستان نے 122 رنز پر 7 وکٹیں گنوا دیں۔میچ کے چوتھے روز سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز 2 وکٹوں پر 177 رنز پر شروع کی ، سعید اجمل نے آغاز میں ہی سنگا کارا اور اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے جے وردھنے کو یکے بعد دیگرے آئوٹ کرکے پویلین واپس بھجوا دیا ، جے ورھنے اپنے آخری ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سعید اجمل کا نشانہ بنے وہ جب اپنی آخری ٹیسٹ اننگز میں آئوٹ ہوکر میدان سے رخصت ہوئے کولمبو کے سنگھالی سپورٹس کلب کے گرائونڈ پر موجود ہزاروں تماشائیوں نے اپنی نشستوں پر سے کھڑے ہوکر اس عظیم بلے باز کو رخصت کیا ۔ دونوں کھلاڑیوں کے آئوٹ ہونے کے بعد سری لنکا کے باقی کھلاڑیوں کی طرف سے بھی پاکستانی بائولرز کے مزاحمت جاری رہی اور وہ اپنے سکور میں اضافہ کرتے رہے ۔ کپتان میتھیوز جن کے پاکستانی کھلاڑیوں نے کئی یقینی کیچ چھوڑے وہ آخری وقت تک وکٹ پر جمے رہے اور 43 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے ، سری لنکا کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 282 رنز بنا کر آئوٹ ہوئی ، پاکستان کی پہلی اننگز کی 12 رنز کی سبقت کو نکال کر سری لنکا کی طرف سے پاکستان کو 271 رنز کا کامیابی کیلئے ہدف دیا گیا تاہم پاکستانی بلے بازوں خاص طور پر دونوں اوپنر کی طرف سے ایک بار پھر انتہائی بدترین کارکردگی کا مظاہرہ اور صرف 17 رنز پر پہلی وکٹ گر گئی جب خرم منظور 10 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے ، اس کے فوری 21 کے سکور پر احمد شہزاد 31 پر اظہر علی ، 39 پر کپتان مصباح الحق اور 50 پر یونس خان بھی پویلین لوٹ چکے تھے ۔ اس موقع پر نظر آرہا تھا کہ شائد پوری ٹیم 100 رنز بھی نا بنا پائے تاہم ایک بار پھر سرفراز نے اسد شفیق سے مل کر سکور کو آگے بڑھایا اور اسے 105 پر لے گئے ، اس موقع پر اسد شفیق بھی سرفراز کا ساتھ چھوڑ گئے اور 32 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے ، اس کے بعد کھیل ختم ہونے سے پہلے 122 کے سکور پر عبدالرحمن بھی چلتے بنے ۔ چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 7 وکٹوں پر 127 رنز بنائے تھے ، سری لنکا کی طرف سے پہلی اننگز میں 9 وکٹیں لینے والے ہیراتھ نے دوسری اننگز میں 4 وکٹیں لیکر میچ میں اپنی وکٹوں کی تعداد کو 13 تک بڑھا لیا ۔ بارش نہ آنے کی صورت میں آج پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں بھی شکست یقینی ہے ۔ سری لنکا کو پہلے ہی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔