عمران نے پارٹی کی تباہی کو خود دعوت دی ہے، پی ٹی آئی کے ناراض کارکنوں کے سوشل میڈیا پر پیغامات
لاہور (خصوصی رپورٹر) ہینڈ آئوٹ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو فیس بک اور ایس ایم ایس کے ذریعے تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں جن میں ان کارکنوں نے اپنی قیادت سے کھل کر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ ان کارکنوں میں زیادہ تعداد خیبر پی کے کی تحریک انصاف سے تعلق رکھتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ٹیکنوکریٹ حکومت کے بعد سول نافرمانی کی کال دے کر اپنی پارٹی کی تباہی کو خود دعوت دی۔ ان کارکنوں کی اکثریت نے کہا کہ ہم اسلام آباد کے جلسے کے دوران عمران خان کے رویے سے پہلے ہی مایوس تھے کہ انہوں نے انتہائی سیاسی عدم بلوغت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سول نافرمانی کی کال دے دی جس پر عوام بھڑک اٹھے اور ہمیں برا بھلا کہہ رہے ہیں۔ ایک کارکن نے اپنے پیغام میں کہا کہ تحریک انصاف کی بربادی کے لئے عمران خان ہی کافی ہیں۔ خیبر پی کے کے ایک اور کارکن نے لکھا ہے کہ ’’ہم طوفان بادوباراں کی زد پر ہیں اور ہمارا وزیراعلیٰ پرویزخٹک ٹی وی چینلز کے سامنے رقص کر رہا ہے۔‘‘ اس پر ’’رقص ابلیس‘‘ کی پھبتی کسی۔ اکوڑہ خٹک سے میٹرک کے ایک طالب علم نے لکھا ہے ’’کیا شہبازشریف صرف دو سال کے لئے ہمارے وزیراعلیٰ نہیں بن سکتے؟‘‘ پشاور سے اے این پی کے ایک حامی نے اپنے پیغام میں کہا کہ تربیلا سے پنجاب کی بجلی بند کرنے کے بارے میں تحریک انصاف کے بیان سے صوبے کے عوام کا کوئی تعلق نہیں۔ ایک حامی نے لکھا کہ عمران خان سے ہماری تمام توقعات غارت ہو گئی ہیں اور ہم زبان حال سے کہہ رہے ہیں:
رخ روشن کا روشن ایک پہلو بھی نہیں نکلا
جسے ہم چاند سمجھے تھے وہ سورج بھی نہیں نکلا
وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے سٹاف کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان پیغامات کا فرداً فرداً جواب دیں۔ وزیراعلیٰ نے تربیلا سے پنجاب کی بجلی بند کرنے کے حوالے سے موصول ہونے والے پیغام کے جواب میں کہا کہ اگر میرا کوئی وزیر خیبر پی کے یا کسی دوسرے صوبے کے بارے میں ایسی بات کرتا تو میں اس کا منہ بند کردیتا۔
ناراض کارکن / پیغامات