• news

شہباز شریف اور نثار کی ایک ہفتے میں آرمی چیف سے دوسری ملاقات

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے اہم ملاقات کی۔ ایک ہفتے میں میاں شہباز شریف اور چودھری نثار علی خان کی آرمی چیف سے یہ دوسری ملاقات ہے۔ تحریک انصاف  اور عوامی تحریک کے دھرنوں کے تناظر میں میاں شہباز شریف اور نثار علی خان کی آرمی چیف سے اس ملاقات کو غیرمعمولی اہمیت حاصل ہو گئی۔ تاہم عسکری ذرائع نے ملاقات کی تصدیق نہیں کی۔آئی این پی کے مطابق نجی ٹی وی نے اس حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ملاقات میں انقلاب اور آزادی مارچ سے پیدا صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  ان ذرائع کے مطابق ملاقات میں چودھری نثار اور شہباز شریف نے عمران خان کی طرف سے سول نافرمانی کی کال دینے، طاہر القادری اور عمران خان کی طرف سے  ریڈ زون میں داخلے کے اعلانات کے ممکنہ نتائج پر بات کی۔ سکیورٹی اور امن و امان کی مجموعی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ ذرائع کے مطابق  چودھری نثار اور شہباز شریف کی طرف سے آرمی چیف کو بتایا گیا کہ بعض عناصر اس ساری صورتحال کا اسٹیبلشمنٹ کو ذمہ دار قرار دے رہے ہیں تاہم حکومت کو اس بات کا مکمل یقین ہے کہ فوج سیاسی معاملات کے بالکل الگ ہے اور آپریشن ضربِ عضب سمیت سرحدوں پر مادر وطن کے دفاع کا اپنا فریضہ ادا کر رہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن