تربیلا سے بجلی بند کرنیکی باتیں ملک دشمنی ہے‘ عوام نے سول نافرمانی کا اعلان مسترد کر دیا : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت کی طرف سے تربیلا سے پنجاب کی بجلی بند کرنے کی باتیں پاکستان دشمنی ہے اور اگر میرا کوئی وزیر ایسی بات کرتا تو میں اس کا منہ بند کر دیتا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اس وقت صوبوں کے درمیان منافرت کی نہیں محبت کی ضرورت ہے۔ پہلے ذات پات اور اب صوبوں کی بنیاد پر نفرتیں پھیلانے والے پاکستان کی خدمت نہیں کر رہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تربیلا سے پنجاب کی بجلی بند کرنے کی باتیں قومی مفادکے یکسر خلاف ہیں۔ موجودہ حالات میں ایسی باتیں کرنے والے صوبوں کے درمیان دوریاں بڑھانے کی کوششیں کررہے ہیں جنہیں کسی بھی لحاظ سے درست قرار نہیں دیا جاسکتا کیونکہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اور وطن عزیزکے لئے ہمارے بزرگوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے سول نافرمانی کے بیان سے بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے۔ سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان معیشت کے خلاف سازش اور ذرہ ذرہ جوڑ کر مضبوط ہوتی معیشت کو تباہ کرنے کی مذموم کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے ہی دن کہہ دیا تھا کہ لانگ مارچ کا اصل ہدف پاکستان کی معیشت اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ترقیاتی پروگرام ہے۔ سول نافرمانی کے بیان سے پاکستان کے دشمن ہی خوش ہو سکتے ہیں۔ یہ عمران خان کی زندگی کا ’’سب سے بڑا اعلان‘‘ نہیں بلکہ ان کی زندگی کا سب سے بڑا یوٹرن ہے اور پوری قوم نے سول نافرمانی کے اعلان کو یک زبان ہوکر مسترد کردیا ہے کیونکہ سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان غیرآئینی اور غیر قانونی ہے۔ عوام نے سول نافرمانی کی تحریک چلانے کے حوالے سے عمران خان کے اعلان کا بھی وہی حشر کیا ہے جو لانگ مارچ اور دھرنے کے ساتھ ہوچکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لانگ مارچ کا مقصد ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنا تھا سول نافرمانی کا اعلان بھی اسی سازش کے سکرپٹ کا حصہ تھا۔ سازش ناکام ہوگئی مگر پاکستان کو کھربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ لانگ مارچ کے مقررین کے ذہنی افلاس پر آسمان بھی روتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ وقت نے ثابت کردیا ہے کہ سیاست میں ڈیڈ لائن اور الٹی میٹم نہیں چلتے بلکہ ڈائیلاگ کے ذریعے ہی بند دروازے کھلتے ہیں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اسفند یار ولی کو عوامی نیشنل پارٹی کا بلامقابلہ مرکزی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسفند یار ولی اور ان کے خاندان کی جمہوریت اور جمہوری نظام کے استحکام کے لئے خدمات قابل قدر ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ پاکستان میں جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کی مضبوطی کیلئے اے این پی اور اس کی قیادت کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے حاجی غلام احمد بلور کو سینئر نائب صدر، میاں افتخار حسین کو مرکزی جنرل سیکرٹری اور زاہد خان کو سیکرٹری اطلاعات منتخب ہونے پر بھی مبارکباد دی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے شیخوپورہ میں بچی سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزموں کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیا۔
شہباز شریف