دھرنے نے وزیراعظم کو پارلیمنٹ کا بھولا راستہ یاد دلا دیا: محمود الرشید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے ممبر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ اسلام آباد آئے ہوئے عوام نے وزیراعظم کو پارلیمنٹ کا بھولا ہوا راستہ یادکرا دیا‘ یہ وہی وزیراعظم ہیں جو سوا سال میں دو‘ تین بار بھولے سے پارلیمنٹ میں آئے اب عوام انہیں پارلیمنٹ میں بیٹھا دیکھ کر حیران ہو رہے ہیں۔ نواز شریف کا ساتھ دینا جمہوریت کی خدمت نہیں‘ پارلیمانی جماعتیں عوام کا ساتھ دیں۔ عمران خان عوامی امنگوں کی ترجمانی کر رہے ہیں، پاکستان کی ترقی اور جمہوریت کا استحکام شریف خاندان کے کوچہ اقتدار سے بے دخلی میں ہے۔ انہوں نے کہا عوام جاننا چاہتے ہیں 1990ء کی دہائی میں 477 روپے ٹیکس دینے والے آج لندن کے بڑے پراپرٹی ڈیلر کیسے بنے اور یہ سارا پیسہ کہاں سے آیا؟ وزیراعظم معروف قانون دان اعتزاز احسن کے براہ راست بیان کئے گئے حقائق کا جواب دیں، اس کے ساتھ ساتھ موجودہ وزیر خزانہ کے منی لانڈرنگ کے حوالے سے فراہم کئے گئے دستاویزی ثبوتوں پر بات کیوں نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا عمران خان اپنے اصولی موقف سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے‘ ایک ایسی حکومت جو عوام کو تعلیم نہیں دیتی، صحت کی سہولتیں نہیں دیتی، صاف پانی نہیں دیتی‘ انصاف کے راستے میں رکاوٹ بنتی ہے ، بڑے بڑے منصوبے لوٹ مار کیلئے شروع کرتی ہے ایسی حکومت کو عوام کب تک برداشت کریں اور ٹیکس کیوں دیں؟
محمود الرشید