• news

سول نافرمانی، خیبر پی کے حکومت وفاق سے 3 کھرب کے فنڈز سے محروم ہوجائیگی

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی سول نافرمانی کی تحریک پر عملدرآمد کی صورت میں وفاق کو ٹیکسوں و دیگر محاصل کی مد میں 4 کھرب روپے سے زائد کا نقصان ہوگا تاہم خیبر پی کے حکومت بھی وفاق سے ملنے والے لگ بھگ 3 کھرب روپے مالیت کے فنڈز سے محروم ہوجائیگی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کیخلاف سول نافرمانی کی تحریک چلانے کا اعلان کرکے وفاق کے ساتھ ساتھ خیبر پی کے حکومت کو بھی امتحان میں ڈال دیا ہے۔ پاکستان قومی مالیاتی کمشن ایوارڈ کے تحت قومی محاصل میں حصہ کے طور پر وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے دوران خیبر پی کے حکومت کو 283.7 ارب روپے اداکرنے ہیں جب کہ گزشتہ مالی سال کے دوران 2013-14ء قومی محاصل میں خیبر پی کے کا حصہ 235.04 ارب روپے تھا۔ خیبر پی کے حکومت نے رواں مالی سال کے دوران وفاق کو قرضوں اور سود کی مد میں 5 ارب 59 کروڑ 17 لاکھ 40 ہزار روپے ادا کرنا ہیں جس میں سے 70 کروڑ 46 لاکھ 64 ہزار روپے جبکہ 4 ارب 88 کروڑ 70 لاکھ روپے غیرملکی قرضے کی صورت میں اداکرنا ہیں۔ اسکے علاوہ وفاقی حکومت کو خیبر پی کے سے ٹیکسوں کی مد میں بھی 3 کھرب روپے کے لگ بھگ آمدنی حاصل ہوتی ہے۔ اگر حقیقت میں سول نافرمانی پر عملدرآمد ہوجاتا ہے اور خیبر پی کے حکومت کی طرف سے وفاق کو ٹیکس اور دیگر ادائیگیاں نہیں کی جاتیں تو اس سے وفاق کو بھاری نقصان ہوگا۔
خیبر پی کے/ فنڈز

ای پیپر-دی نیشن