فوج کا بیان قابل تحسین ہے، عمران وزیراعظم ہائوس گھسیں یا نہیں ہم ایسا نہیں کرینگے: طاہر القادری
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ ہمارا انقلاب مارچ ریاست کی عمارتوں کے تقدس کو پامال کرنا نہیں، فوج کا بیان قابل تحسین ہے، فوج کو مداخلت یا ثالثی کا کردار ادا کرنے کیلئے نہیں کہیں گے۔ ریاست کی عمارتوں کے اندر ہی نہیں گھسیں گے تو تقدس کیسے پامال ہو گا، عمارتوں کو توڑنا، اندر گھسنا اور قبضہ کرنا ہمارے پلان کا حصہ نہیں۔ جمہوری اصلاحات کیلئے قومی حکومت بنانا چاہتے ہیں، عمران وزیراعظم میں گھسیں یا نہیں ہم یہ نہیں کرینگے۔ وزیراعظم نوازشریف اور شہبازشریف اپنے آپ کو قانون کے سپرد کریں اور مستعفی ہوں، نظام کی بہتری بھی چاہتے ہیں، پارلیمنٹ کے سامنے سٹیج بنائیں گے۔ قومی حکومت تشکیل دی جائے، دس نکاتی ایجنڈے پر عمل کیا جائے، آئین معطل نہیں ہوگا، ترامیم کی جائیں گی، عمران سٹیج پر آنا چاہیں تو خوش آمدید کہیں گے۔ آئین کو نافذ کرنے کیلئے ہی تمام جدوجہد کر رہے ہیں، کسی قسم کی پُرتشدد سرگرمی میں ملوث نہیں ہونگے۔