عمران سے اپیل کرتا ہوں دھرنے کی ناکامی کا بدلہ پاکستان سے نہ لیں: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، آزادی مارچ کو بربادی مارچ میں تبدیل نہیں ہونے دیں گے۔ ’’تاجر ٹیکس نہ دیں، عوام بل روک لیں اور بیرون ملک پاکستانی زرمبادلہ نہ بھیجیں‘‘ یقین نہیں آتا کہ کوئی محب وطن پاکستانی یہ الفاظ ادا کرسکتا ہے۔ میں عمران خان سے اپیل کرتا ہوں کہ دھرنے کی ناکامی کا بدلہ پاکستان سے نہ لیں۔ وہ گزشتہ روز اراکین اسمبلی کے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ استعفیٰ لینے کا مطالبہ کرنے والے استعفے دینے کی باتیں کررہے ہیں، یہ کیسا یوٹرن ہے؟ پوری قوم نے ثابت کردیا ہے کہ وہ احتجاجی عناصر کے کسی بھی غیر آئینی مطالبے کو تسلیم نہیں کرتی۔ بچوں اور خواتین کو ڈھال بناکر پاکستان کے مستقبل سے کھیلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سول نافرمانی کی کال یکسر مسترد کرنے پر تاجر برادری، صنعتکاروں سمیت پوری قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے محبت کرنے والے کسی ایک بھی فرد نے سول نافرمانی کے اعلان کی حمایت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنا برا بھلا اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ ’’ٹیکنو کریٹ حکومت‘‘ کے بعد سول نافرمانی کی کال نے تحریک انصاف کو بکھیر کر رکھ دیا ہے۔ عمران خان نے ہر روز بیانات بدلنے کا ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے اور ذاتی انا اور ضد نے انہیں سیاست میں تنہا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی پاکستانی کا قائداعظم کی بجائے گاندھی کو لیڈر قرار دینا بدبختی کے سوا کچھ نہیں۔ اس طرح عمران خان نے آزادی مارچ کے نام پر تحریک پاکستان کے شہداء کی روحوں کو تکلیف پہنچائی۔ انہوں نے کہا قائداعظم صرف مسلم لیگ والوں کے نہیں 18 کروڑ پاکستانیوں کے رہنما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اور ذاتی مفادات کی ملک و قوم کے سامنے کوئی حیثیت نہیں اور پاکستان مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملک و قوم کے مفاد کو عزیز رکھا ہے۔ ہماری سیاست کا محور عوام ہیں اور پاکستان کے لئے ہمارا تن من دھن سب کچھ حاضر ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مفکر ملت علامہ سید محمد حسن مثنیٰ انور اشرفی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے علامہ سید محمد حسن مثنیٰ کی دینی و مذہبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک بلند پایہ عالم دین تھے اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔