خضدار: اجتماعی قبروں کے معاملے میں فوج خفیہ ادارے‘ صوبائی حکومت ملوث نہیں: جوڈیشل کمشن کی رپورٹ
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) خضدار میں اجتماعی قبروں کے معاملے کی تحقیقات کیلئے تشکیل دیئے گئے جوڈیشل کمشن نے اپنی انکوائری رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ میں کسی بھی شخص، ادارے کو اجتماعی قبروں سے ملنے والے افراد کے قتل کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہادت اس معیار کی نہیں کہ فوجداری عدالت میں کسی کو قصوروار ٹھہرایا جائے جبکہ فوج خفیہ ادارے اور صوبائی حکومت واقعے میں ملوث نہیں ہے۔ انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نعشیں 3 سے 8 ماہ تک پرانی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ خضدار سول انتظامیہ کے افسران کیخلاف کارروائی کی جائے، جوڈیشل کمشن نے اپنی رپورٹ میں سفارش کی ہے کہ ضلعی افسران کیخلاف کارروائی غفلت اور نااہلی کی بنیاد پر کی جائے۔