قصور، نارووال، فیصل آباد: ادھیڑ عمر شخص سمیت تین افراد کی خودکشی
لاہور (نامہ نگاران) متعدد شہروں میں ادھیڑ عمر شخص سمیت تین افراد نے زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ قصور کے نواحی گائوں وہیگل میں گھریلو تنازعہ پر 15 سالہ لڑکے نے گلے میں پھندا لیکر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ نوجوان تنویر والد کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہو کر کھیتوں میں جاکر گلے میں پھندا ڈال کر درخت سے لٹک گیا۔ نارووال تھانہ ظفروال چوکی ٹپیالہ کے علاقہ موضع سنکھترہ میں 19سالہ حمزہ شہزاد نے خاندانی لڑائی سے تنگ آکر کنپٹی پر فائر کر کے زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ سمندری میں بہو سے جھگڑ کر سسر نے خودکشی کر لی۔ چک 466گ۔ب کا 64سالہ محمد انور گزشتہ روز کھیتوں سے کام کر کے واپس آیا تھا اور اپنی بہو شمیم سے پینے کے لئے پانی مانگا جس نے انکار کر دیا۔ اس پر دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جس پر دلبرداشتہ ہو کر محمد انور نے گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لی جسے طبی امداد کے لئے سول ہسپتال لایا گیا جہاں وہ ایک گھنٹے زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔