• news

پوزیشن ہولڈرز میں ڈرائیور، پلمبر اور واپڈا میں اسسٹنٹ فیڈرمین کی بیٹیاں شامل

لاہور (میاں علی افضل سے) یونیورسٹی آف دی پنجاب کے زیر اہتمام ہونیوالے بی ایس سی، بی اے کے پوزیشن ہولڈرز نے کامیابی کو اللہ تعالی کی رحمت، والدین کی دعائوں اور ٹیچرز کی محنت کا قرار دیا ہے۔ پوزیشن ہولڈرز کا کہنا ہے کہ اپنی ذات کی بجائے تمام سیاسی لیڈر  صرف پاکستان کے متعلق سوچیں تو ایک گھنٹے میں تمام مارچ اور خوف وہراس ختم ہو جائے۔ ہمیں آج عہد کرنا ہو گا کہ پاکستان کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ ضد، انا اور تشدد سے گریز کرتے ہوئے صرف پاکستان کی بہتری کیلئے فیصلے کرنے ہونگے۔ پوزیشن ہولڈرز میں وین ڈرائیور، پلمبر اور واپڈا میں اسسٹنٹ فیڈرمین کی ہونہار بیٹیاں شامل ہیں جنہوں نے معاشی مسائل کو شکست دیتے ہوئے پنجاب بھر میں پوزیشنیں حاصل کیں۔ پوزیشن ہولڈر طالبات میں زیادہ تر صرف گھر میں ہی پڑھتی رہیں اور اکیڈمی نہیں گئیں۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب بھر میں بی اے کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنیوالی واپڈا کالونی شاہدرہ کی رہائشی عائشہ معراج نے کہا کہ کامیابی پر اللہ تعالیٰ کی شکرگزار ہوں۔ والد واپڈا میں اسسٹنٹ فیڈرمین ہیں، میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنا چاہتی تھی لیکن شدید معاشی مسائل کی وجہ سے آرٹس سبجیکٹ رکھے۔ بی ایس سی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنیوالی گوجرانوالہ کی رہائشی صبا خالد نے کہا کہ والد کا انتقال ہو چکا ہے، بھائی نے بھرپور سپورٹ کی۔ بی ایس سی میں سیکنڈ پوزیشن حاصل کرنیوالی چکوال کی رہائشی عتیقہ فخر نے کہا کہ مستقبل میں ایم ایس سی کروں گی۔ والد وین چلاتے ہیں 2سال تک فالج کے باعث چارپائی پر رہے۔ کوئی بھی ملک کے متعلق نہیں سوچ رہا اگر آج ہم اپنی ذات کی بجائے صرف ملک کیلئے سوچیں تو تمام مسائل جلد حل ہو جائیں گے۔ بی ایس سی میں تیسری پوزیشن حاصل کرنیوالی سمیعہ منیر نے کہا کہ مستقبل میں لیکچرار بن کر ملک وقوم کی بھرپور خدمت کروں گی۔ والد پلمبر ہیں، معاشی مسائل تو تھے لیکن انہیں کامیابی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دیا۔
بیٹیاں شامل

ای پیپر-دی نیشن