وفاقی اور صوبائی حکومتیں اکٹھی رخصت ہوں گی: شجاعت
اسلام آباد/ لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے ڈاکٹر طاہر القادری سے مشاورت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت اور ان کے حواریوں کا وفد ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کیلئے آیا تھا مگر ڈاکٹر طاہرالقادری نے اتحادیوں سے مشاورت کے بغیر ان کو ملنے سے انکار کر دیا تھا۔ چودھری شجاعت نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون سے اس تحریک کا آغاز ہوا تھا وہیں سے بات شروع ہوئی وہیں پر ختم ہو گی، حکومت نے مذکرات کیلئے جو کمیٹی بھیجی تھی ہمیں اس پر اعتراض تھا۔ حکومتی ارکان نے قومی اسمبلی میں جو تقریریں کی ہیںاس سے لگتا ہے کہ وہ مذاکرات کیلئے سنجیدہ نہیں۔ اب تو صرف ایک ہی راستہ رہ گیا ہے کہ نواز شریف استعفیٰ دیں تا کہ سارا کام پرامن طریقے سے ہو جائے، اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، وفاق اور صوبائی حکومتیں اکٹھی رخصت ہوںگی۔ علاوہ ازیں شجاعت حسین اور پرویزالٰہی سے وفاق المدارس کے جنرل سیکرٹری قاری حنیف جالندھری نے رابطہ کیا۔ انہوں نے دونوں رہنمائوں سے اپیل کی کہ معاملات افہام و تفہیم سے حل کیے جائیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف مایوسی میں سیاسی مخالفین پر حملے کروا رہے ہیں اور اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔
شجاعت/ پرویز الٰہی