48 گھنٹے بہت اہم ہیں‘ حل نکل آئیگا‘ کسی بھی وقت کارروائی ہو سکتی ہے : خواجہ آصف
اسلام آباد (ایجنسیاں) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ قسم کھا کر کہتا ہوں اگر آئین پامال ہوا تو ملکی بقا خطرے میں پڑ جائے گی‘ حکومتی رٹ اسی طرح قائم ہے جیسے پہلے تھی، ہمارا اَنا کا کوئی مسئلہ نہیں، آئینی اور قانونی حل کیلئے تیار ہیں، تاریخ کے آگے شرمندہ ہونے کی روایت نہیں ڈالنی چاہئے، ایسی غلط روایت نہ ڈالی جائے کہ کل پھر کوئی پچاس ہزار بندے لا کر حکومت بدل دے، ہمارے صبر اور ضبط کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم 18کروڑ عوام اور پارلیمنٹ کے منتخب کردہ ہیں۔ وزیراعظم کو غیرقانونی اور غیرآئینی طریقے سے ہٹایا نہیں جا سکتا۔ وزیراعظم چند ہزار افراد کی خواہش پر استعفیٰ نہیں دیں گے، تمام جماعتوں نے قومی اسمبلی میں وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ خواتین اور بچوں کی وجہ سے تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں، کسی بھی وقت کارروائی کر سکتے ہیں۔ ایوان کی اکثریت نے وزیراعظم کا انتخاب کیا ہے۔ برداشت کا مظاہرہ کیا، کمزوری نہ سمجھا جائے، کسی بھی وقت کارروائی کر سکتے ہیں۔ اگلے 48 گھنٹے بہت اہم ہیں حل نکل آئے گا۔ وزیر دفاع نے فوج کی جانب سے ریاستی اداروں کے تحفظ کے حوالے سے بیان کے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ یہ متوازن بیان ہے۔ فوج بھی ریاست میں ایک فریق ہے، ان کے جو بھی فرائض ہیں وہ انہیں بھرپور طریقے سے ادا کریں گے۔ ایک اور سوال پر کہا اس قسم کے رویے سے ریاستیں نہیں چلتیں‘ معاشرے نہیں پنپتے، جمہوریت کی تشکیل نہیں ہوتی بلکہ تباہی اور بربادی ہوتی ہے۔ ہم بھی کروڑوں لاکھوں لوگ یہاں پر جمع کر سکتے ہیں لیکن ہم جمہوری اقدار کی علم برداری کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں، چاہتے ہیں کہ اس ملک میں آئین سلامت رہے، ان لوگوں کو ہم نے خود یہاں آنے کی اجازت دی ہے۔
خواجہ آصف