ملتان : مسلم لیگ (ن) کا شاہ محمود کے گھر کے باہر دھرنا‘ دروازے پر لاٹھیاں برسائیں‘ حملہ ’’بلو بٹ‘‘ نے کرایا وائس چیئرمین تحریک انصاف
ملتان / اسلام آباد (سپیشل رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) تحریک انصاف کے کارکنوں کے پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دھرنے کے جواب میں ملتان میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے گھر کے سامنے دھرنا دیا، مشتعل مظاہرین گھر کے دروازے اور کھڑکیوں پر لاٹھیاں برساتے رہے، پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارکنوں کو گھر سے ہٹا دیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے کارکنوں سے پرامن رہنے اور پولیس کو انکے گھر کی سکیورٹی پر مامور کرنے کی ہدایت کی۔ کارکنوں نے حکومت اور نواز شریف کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔ پولیس کی بھاری نفری شاہ محمود قریشی کے گھر کے باہر تعینات کر دی گئی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اللہ جانے ان بٹوں سے کب جان چھوٹے گی؟ بلال عرف ’’بلو بٹ‘‘ نے ملتان میرے گھر پر حملہ کیا۔ شہباز شریف ملتان میں اپنے ضلعی صدر کو معطل کریں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں گلو بٹ، گوجرانوالہ میں پومی بٹ اور ملتان میں میرے گھر پر ’’بلو بٹ‘‘ نے ایک میسج کے ذریعے لوگوں کو اکٹھا کر کے حملہ کرایا لیکن یہ سب کچھ ہونے کے باوجود میں نے کارکنوں کو پرامن رہنے کی ہدایت کی ہے۔ لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے 2 گھنٹے سے زائد وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے گھر کے سامنے دھرنا دیا، گھر کے باہر لگے بینرز بھی پھاڑ دئیے۔ لیگی رہنماؤں اور کارکنوں نے اس دوران مطالبہ کیا کہ حکومت عمران خان اور طاہر القادری کے غیر آئینی دھرنوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائے۔ قبل ازیں مسلم لیگ (ن) ضلع ملتان کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گی۔ قیادت مسلم لیگ (ن) ضلع ملتان کے صدر بلال بٹ نے کی۔
شاہ محمود کے گھر دھرنا