جمہوریت کو بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرینگے: زرداری، بلاول
دبئی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس سابق صدر آصف علی زرداری کی صدارت میں دبئی میں ہوا جو 3 گھنٹے تک جاری رہا۔ اجلاس میں قمر زمان کائرہ، یوسف رضا گیلانی، مخدوم امین فہیم، رحمن ملک، قائم علی شاہ اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کسی بھی غیر آئینی کوشش کا ساتھ نہیں دیا جائے گا۔ ایسے اقدام کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ پیپلز پارٹی مکمل طور پر جمہوریت کا تحفظ کرے گی۔ مجلس عاملہ نے ملکی سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمارے لئے پاکستان اور آئین کی بالادستی ترجیح ہے۔ پیپلز پارٹی بحران کے سیاسی حل پر یقین رکھتی ہے۔ آئین اور جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ جمہوریت کے تحفظ کیلئے پیپلز پارٹی اپنا کردار ادا کریگی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کو جمہوریت سے دور نہیں ہونے دینگے۔