پاکستان نے بھارت کو 2-0 سے شکست دے کر فٹبال سیریز جیت لی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان فٹبال ٹیم نے بھارت کو دوسرے میچ میں دو صفر سے مات دیکر بہتر گول اوریج پر سیریز جیت لی۔ بنگلور سے موصولہ اصلاعات کے مطابق پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے اس میچ میں قومی ٹیم کی جانب سے کپتان کلیم اﷲ اور صدام حسین نے گول سکور کیے۔ کلیم اﷲ نے میچ کے 37 ویں منٹ میں جبکہ صدام نے 89 ویں منٹ میں سیریز کا فیصلہ کن گول کیا۔ اس سے قبل سیریز کے پہلے میچ میں میزبان بھارتی ٹیم نے ایک صفر سے کامیابی حاصل کی تھی۔ دو میچوں کی سیریز میں پاکستان ٹیم کو بہتر گول اوریج کی بنا پر کامیاب قرار دیا گیا۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کے لئے 50 لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔ پی ایف ایف کے صدر سید فیصل صالح حیات کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھارت میں شاندار کھیل پیش کیا جس پر کھلاڑیوں سمیت ٹیم آفیشلز کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2005ء کے بعد ہونے والی بھارت کے خلاف جوابی سیریز میں کامیابی پاکستان فٹبال کے لئے خوش آئند ہے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سیکرٹری لیفٹیننٹ کرنل (ر) احمد یار لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم نے بھارت کو اس کی سرزمین پر شکست دیکر پوری قوم کے دل جیت لئے ہیں۔ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے فیڈریشن کی جانب سے پچاس لاکھ روپے انعام رکھا گیا ہے۔