ایسا نہ ہو موجودہ کشمکش کا فائدہ کوئی تیسری قوت اٹھا لے: ایاز پلیجو
حیدر آباد(ثناء نیوز) قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے پرامن جدوجہد کا راستہ اختیار کرنا ہوگا،پرتشدد راستہ تباہی ہے اور ملک کے کسی بھی شہری کے حق میں نہیں ہوگا،موجودہ کشمکش میں ایسا نہ ہو کہ کوئی تیسری قوت فائدہ اٹھائے۔انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کو مہنگائی، بیروزگاری اور کرپشن سے نجات دلانے کی ضرورت ہے، تعلیم اور صحت کا کوئی بندوبست نہیں، دہشتگردی اور لاقانونیت کے خاتمے کے لیے جنگی بنیادوں پرانتظام کیا جائے۔سندھ میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، شہر کھنڈرات دکھائی دے رہے ہیں۔ گزشتہ 7 سال سے کوئی بھی ترقیاتی کام نہیں ہوا، صرف کاغذات میں کام ہوئے ہیں اور وہ کرپشن کے نذر ہو جاتے ہیں۔موجودہ حالات میں ملکی قیادت مل بیٹھ کر حالات سے نمٹنے کے لئے کوئی لائحہ عمل بنائے۔ جب تک صوبائی خود مختاری نہیں ملے گی تب تک عوام ترقی نہیں کر سکیں گے۔ملک اور جمہوریت کو بچانے کے لئے عوام کو کردار ادا کرنا ہوگا۔