لاہور میں ڈکیتی کی متعدد وارداتیں، شہری لاکھوں روپے اور سامان سے محروم
لاہور (سٹاف رپورٹر) لاہور میں ڈکیتی و چوری کی متعدد وارداتوں کے دوران ڈاکوئوں اور چوروں نے شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات اور موٹر سائیکلوں سمیت دیگر قیمتی سامان سے محروم کر دیا۔ معلوم ہوا ہے کاہنہ کے علاقہ میں ڈاکوئوں نے غلام فرید کے گھر گھس کر اہل خانہ سے 10لاکھ روپے کی نقدی، زیورات اور دیگر گھریلو سامان لوٹ لیا۔ ملت پارک میں ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر ایوب کی فیملی سے 4لاکھ 25ہزار روپے کی نقدی، زیورات اورموبائل، چوہنگ میں اکرم کی دکان سے 3لاکھ 50ہزار روپے کی بیٹریاں، جوہر ٹائون میں علی حسن سے 3لاکھ 50ہزار روپے مالیت کی نقدی، قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ میں ڈاکوئوں نے عمیر سے 15ہزار روپے، لٹن روڈ میںفیاض سے 41ہزار روپے نقدی، نواب ٹائون میں اعجاز سے 25ہزار روپے کی نقدی و موبائل، ٹائون شپ میں عباس سے 12ہزار، شادمان میں ڈاکوئوں نے احتشام سے 75ہزار روپے کی نقدی و موبائل چھین لئے جبکہ چوروں نے گوالمنڈی میں علیم، اقبال ٹائون میں الطاف، چوہنگ میں حسیب، ٹائون شپ میں قدیر کی گاڑیاں، ستوکتلہ میں عامر، مانگا منڈی میں منیر، مناواں میں آصف، فیکٹری ایریا میںعمران، مصطفی آباد میں جاوید، نیو انارکلی میں علی، لٹن روڈ میں ریاض، شاد باغ میں سعید، وحدت کالونی میں فرحان، کاہنہ میں بشارت، نشتر کالونی میں مخدوم، قلعہ گجر سنگھ میں قاسم اور اظہار کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں گئیں۔ کاہنہ سے نامہ نگار کے مطابق کاہنہ میں ڈاکوئوں نے 10 لاکھ کی 300 بوری گندم ٹرک سمیت لوٹ کر فرار ہو گئے۔ گوجرانوالہ راہ والی کے لیاقت اپنے ٹرک پر 3 سو بوری گندم لوڈ کر کے لاہور قصور کی طرف جا رہے تھے، نبی بخش کے مقام پر 2 کاروں میں سوار 5 ڈاکوئوں نے ٹرک کو روک کر گندم سمیت ٹرک لیکر فرار ہو گئے۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق لاہور روڈ پر ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر ارشد علی کو روک کر اسے جان سے مار دینے کی دھمکی دیکر پونے دو لاکھ روپے کی رقم چھین لی۔ ریلوے پھاٹک کے قریب ڈاکوئوں نے موٹر سائیکل سوار وقاص احمد کو روک کر اس سے نقدی، موبائل چھین لیا۔ شاہدرہ میں نامعلوم افراد نے بجلی کا ٹرانسفارمر چوری کر لیا اور فرار ہو گئے۔ پولیس نے مقدمات درج کر لئے ہیں۔