عمران کے خطاب کی جھلکیاں
٭…امریکہ کا جو یار ہے غدار ہے‘ عمران کے نعرے
٭…’’ایفیڈرین عباسی‘‘ پنڈی کا ’’گلوبٹ‘‘ہے
٭…خواتین کی عزت کرو‘ مجھے شرمندہ نہ کرو
٭…عمران خان بیک گرائونڈ میوزک پر جھومتے رہے
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے راولپنڈی سے (ن) لیگ کے سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کو ’’ایفیڈرین عباسی‘‘ کے نام سے مخاطب کرتے ہوئے راولپنڈی کا ’’گلو بٹ ‘‘ قرار دیدیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے وزیر اعظم نواز شریف کو جائز قرار دینے پر عمران امریکہ کیخلاف کھل کر سامنے آ گئے۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے امریکہ پر شدید تنقید کے بعد خود ’’امریکہ کا جو یار ہے ‘ غدار ہے ‘ غدار ہے اور امریکہ کا جو غلام ہے ‘ غدار ہے غدار ہے‘‘ کے نعرے لگائے۔ عمران خان نے وزیر اعظم نوازشریف سے کہا کہ اگر امریکہ آپ کے ساتھ ہے تو اللہ ہمارے ساتھ ہے۔ اپنی تقریر کے دوران عمران خان بیک گرائونڈ میوزک پر جھومتے رہے اور دھرنے میں شریک خواتین بھی رقص کرتی رہیں۔ عمران خان نے دھرنے کے شرکا سے کہا کہ کارکن مجھے شرمندہ نہ کریں‘ کسی قسم کی بدتمیزی نہیں کرنی۔ خواتین کی عزت کریں۔