مصر :بدعنوانی کے الزام میں مبارک دور کے وزیر کو 15 سال قید کی سزا
قاہرہ(آن لائن) مصر کی ایک عدالت نے سابق معزول صدر حسنی مبارک دور کے ایک وزیر رشید محمد رشید کو اس کی عدم موجودگی میں بدعنوانی کے الزام میں 15 سال قید اور 522 ملین پائونڈ جرمانہ کی سزا کا حکم دیا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مصر کے محکمہ انسداد بدعنوانی کے معاون وزیر ایڈووکیٹ ابراہیم الھنیدی نے میڈیا کو بتایا کہ سابق وزیر صنعت و تجارت اور ان کی ایک بیٹی پر بدعنوانی کا الزام تھا۔ اس الزام کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں مقدمہ دائر کیا گیا۔ چونکہ ملزمان بیرون ملک فرار ہو گئے ہیں اس لئے معاملہ فوجداری عدالت کو بھجوا دیا گیا تھا۔ایڈووکیٹ ابراہیم کا کہنا تھا کہ دونوں باپ بیٹی پر 50 کروڑ پائونڈز کی رقم کی خورد برد اور خفیہ طریقے سے رقم بیرون ملک قبرص منتقل کرنے کا الزام ہے۔