• news

پاکستان ملائیشیا کو ہرا کر ورلڈ جونیئر سکواش ٹیم چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گیا

لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ کے ٹیم ایونٹ میں پاکستان ٹائٹل سے ایک فتح کی دوری پر ہے۔ قومی کھلاڑیوں نے سیمی فائنل میں ملائشیا کو 2-0 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ ملائشیا کے خلاف سیمی فائنل میں طیب اسلم نے ملائشیا کے محمد شفیق کمال کو 45 منٹ جاری رہنے والے میچ میں 11-5، 5-11، 11-6 اور 11-8  سے شکست دی۔ دو صفر کی کامیابی طیب اسلم کو میدان میں اترنے کی ضرورت ہی نہیں پڑی۔ دوسرے  میچ میں عاصم خان نے حریف کھلاڑی بیرن چانگ کو 47 منٹ میں سٹریٹ سیٹس میں 11-6, 11-5 اور 11-8 سے زیر کیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ مصر نے سپین کو 2-0 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ پاکستان اور مصر کی ٹیمیں آج ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ کے ٹیم ایونٹ کے فائنل میں مد مقابل آئیں گی۔ علی بخاری نے نمیبیا سے نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑی ٹیم ایونٹ جیتنے کیلئے پُرعزم ہیں۔ سب نے بہت محنت کی ہے، ٹائٹل جیت کر قوم کو خوشی دینا چاہتے ہیں۔ہم نے صرف فائنل جیتنا ہے۔کھلاڑیوں میں فائنل جیتنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ ٹائٹل جیت کر انفرادی ایونٹ کی ناکامی کا ازالہ بھی کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن