امریکہ نے بگرام جیل میں قید مزید 9 پاکستانی رہا کر دیئے، جسٹس پروجیکٹ پاکستان کا دعویٰ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) کابل کی بگرام جیل میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لئے کوشاں وکلاء کی تنظیم جسٹس پروجیکٹ پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے مزید 9قیدی رہا کر کے پاکستان کے حوالے کر دیئے ہیں۔ جسٹس پروجیکٹ پاکستان کے ترجمان کے مطابق ان کی کوششوں سے اب تک 25پاکستانیوں کی بگرام جیل سے رہائی ممکن ہوئی ہے جبکہ ابھی 15پاکستانی امریکہ کی غیرقانونی قید میں ہیں جن کی رہائی کے لئے ان کی قانونی جنگ جاری رہے گی۔ ترجمان نے کہا کہ جسٹس پروجیکٹ پاکستان نے بگرام میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کر رکھی ہے تاکہ ان کی رہائی کے لئے حکومت پر دباؤ ڈالا جاسکے اور وہ اب تک اس کوشش میں کامیاب رہے ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ نے ان کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے پورا ساتھ دیا۔ قید پاکستانیوںکو بغیر کسی جرم اور عدالتی کارروائی کے پابند سلاسل رکھا جا رہا ہے جس کے لئے حکومت پاکستان کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ خیال رہے ایک امریکی رپورٹ کے مطابق 2002 میں 9 قیدی تشدد کی وجہ سے جاں بحق ہو گئے تھے