پاکستان نے 65ء اور 71ء میں گرفتار کئے گئے 54 جنگی قیدی رہا نہیں کئے: بھارت
نئی دہلی (آئی این پی) بھارت نے کہا ہے کہ پاکستان نے 1965ء اور 1971ء کی جنگوں کے دوران گرفتار کئے گئے 54 بھارتی جنگی قیدیوں کو ابھی تک رہا نہیں کیا، وہ ابھی تک پاکستانی جیلوں میں قید ہیں۔ پاکستان کے ساتھ کئی دفعہ معاملہ اٹھایا گیا لیکن اس نے بھارتی فوجی قیدیوں کو اپنی جیلوں میں موجودگی سے انکار کر دیا۔ معاملے کے لئے 3 رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ بھارتی خبر ایجنسی کے مطابق وزارت دفاع اور خارجہ نے تحریری سوالوں کے جواب میں کہا ہے کہ جنگی قیدیوں کی رہائی کا معاملہ پاکستان کے ساتھ مسلسل اٹھایا گیا لیکن اس نے اپنی جیلوں میں بھارتی فوجیوں کی موجودگی سے انکار کیا۔ ان جنگی قیدیوں کے خاندانوں نے پاکستانی جیلوں کا بھی دورہ کیا لیکن ان کی وہاں موجودگی کی تصدیق نہیں ہو سکی۔گرفتار ہونے والوں میں لیفٹیننٹ وی کے آزادگنز، ہرن موہن، سجان سنگھ، فلائٹ لیفٹیننٹ بابل گوہا، فلائٹ آفیسر تیجندر سنگھ سیٹھی اور سکوارڈن لیڈر دیو پرساد چتر جی شامل ہیں۔ بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق اس معاملے کو دیکھنے کیلئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔آر ٹی آئی میں کہا گیا ہے کہ 1971ء کی جنگ میں تو پاکستانی فورسز نے ہتھیار ڈال دئے تھے۔ ان قیدیوں کو رہا کیوں نہیں کرایا گیا اس کا دونوں وزارتیں جواب دینے میں ناکام رہیں۔