گوجرانوالہ: تحریک انصاف کے 214 سیاسی دفاتر، فیکٹریوں کی لسٹیں تیار، بل عدم ادائیگی پر کنکشن کاٹ دیئے جائیں گے
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) سوئی نادرن گیس پائپ لائنز کمپنی گوجرانوالہ میں تحریک انصاف کے 214 سیاسی دفاتر‘ فیکٹریوں کی لسٹیں تیار‘ کنزیومر نمبروں کو دائرے لگا دیئے گئے۔ سوئی گیس ترجمان کے مطابق تحریک انصا ف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے سول نافرمانی کے اعلان کے بعد سوئی ناردرن گیس کے دفتر میں ڈویژن بھر میں پی ٹی آئی کے 214 چھوٹے بڑے دفاتر‘ سیاسی رہنمائوں کے گھروں اور فیکٹریوں کی لسٹیں تیار کر کے فیلڈ افسران کے سپرد کر دی گئی ہیں تاکہ مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد اگر بل ادا نہ کئے گئے تو ان کے گیس کنکشن فوری کاٹ دیئے جائیں گے۔ ترجمان کے مطابق یہ ہدایت ملی ہے کہ اگر تحریک انصاف کے رہنما یا کارکن گیس کا بل ادا نہ کریں تو ان کے گیس کنکشن کاٹ دیئے جائیں۔