• news

وزیراعظم پہلے استعفیٰ دیدیں تو عمران، طاہر القادری کس سے مذاکرات کرینگے: شیرپائو

اسلام آباد (آئی این پی)  قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد شیرپائو نے کہا ہے کہ اگر وزیراعظم پہلے استعفیٰ دیں  تو عمران خان اور علامہ طاہر القادری مذاکرات کس سے کریں گے‘ ایسے مطالبات پیش نہ کئے جائیں جو قابل عمل نہ  ہوں‘  ہم مذاکرات کے ذریعے کسی ایک فریق کی بجائے ملک کی کامیابی چاہتے ہیں‘ موجودہ صورتحال میں کسی رہنما کو انا کا شکار نہیں ہونا چاہئے۔
 وہ  جمعرات  کو قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل پارلیمنٹ  ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔  انہوں نے کہا کہ فریقین کا مذاکرات کی میز  پر آجانا ایک اہم کامیابی ہے لیکن دانشمندی کا تقاضا  یہ ہے کہ ایسے مطالبات پیش نہ کئے جائیں جو ناقابل عمل ہوں۔ آفتاب شیرپائو نے کہا کہ منتخب وزیراعظم کو ہٹانے کا بھی ایک آئینی طریقہ کار ہے جبکہ انتخابی اصلاحات ہم بھی چاہتے ہیں لیکن اس کے لئے وقت درکار ہوگا محض بٹن دبانے سے آئینی اصلاحات  ممکن نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ  مذاکرات میں  جیت عوام  ‘ قوم اور ملک کی ہونی چاہئے اس معاملے میں کسی بھی جماعت کے رہنما کو انا کا شکار نہیں ہونا چاہئے مگر بدقسمتی سے دھرنے دینے والی جماعتوں کے رہنمائوں نے انتہائی پوزیشن لے رکھی ہے جبکہ مذاکرات کے ذریعے  ہم ایسا راستہ نکالنا چاہتے ہیں کہ ملک کی کامیابی ہو۔ اس صورتحال  میں حکومت کی جانب سے صبرو تحمل کا مظاہرہ خوش آئند ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں آفتاب شیرپائو نے کہا کہ  عمران خان کہتے ہیں  کہ پہلے وزیر اعظم استعفیٰ دیں پھر بات ہوگی اگر پہلے وزیراعظم استعفیٰ دیں تو پھر آپ بات کس سے کریں گے۔
شیرپائو

ای پیپر-دی نیشن