پاکستان میں مظاہروں پر نظر ہے، پُرامن اظہار رائے کی اجازت ہونی چاہئے: امریکہ
واشنگٹن (ثناء نیوز+ آن لائن+ اے این این) امریکہ نے کہا ہے کہ نوازشریف پاکستان کے وزیراعظم ہیں، نوازشریف کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور مستقبل میں بھی کرتے رہیں گے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہارف نے مسلسل تیسرے روز پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ نوازشریف کو عوام نے انتخابات کے ذریعے منتخب کیا ہے پاکستان میں غیرآئینی طریقے سے حکومت کا خاتمہ نہیں ہونا چاہئے، مسائل کے حل کے لئے پُرامن مذاکرات ہونے چاہئیں۔ ترجمان محکمہ خارجہ نے سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات میں شریک ہونے کے حوالے سے خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان میں سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات میں شریک نہیں اس حوالے سے تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔ پاکستان میں ماورائے آئین طریقوں سے حکومت کی تبدیلی کی کوششیں نہیں ہونی چاہئے۔ امریکی سفیر رچرڈ اولسن پاکستان میں مختلف حکام سے ملاقاتیں کرتے رہتے ہیں، ان کی ملاقاتوں میں یقیناً اس معاملے پر بھی بات ہوئی ہوگی۔ ہم پاکستان میں مظاہروں پر نظر رکھے ہوئے ہیں، ظاہر ہے ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں پُرامن اظہار رائے کی اجازت ہونی چاہئے۔ پُرامن طریقے سے بات چیت ہونی چاہئے۔ نواز شریف پاکستان کے وزیر اعظم ہیں۔ ہم انہی کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے ویسے ہی جیسے ہم وہاں دوسرے لوگوں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔
امریکہ