کراچی میں نشانہ باز قاتلوں کا راج، ائرفورس کے جوان سمیت 7 افراد جاں بحق
کراچی (این این آئی) شہر قائد میں ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود قتل و غارت کا سلسلہ جاری رہا۔ جمعہ کو بھی ٹارگٹ کلرز سرگرم رہے اور پاکستان ائرفورس کے جوان اور میاں بیوی سمیت مزید 7 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹائون تھانے کی حدود میں روبی سینما نئی آبادی کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے 40 سالہ ابوبکر اعوان جاں بحق ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول پاکستان ائرفورس کا ملازم تھا۔ ملیر سٹی تھانے کی حدود بکرا پیڑی کے قریب چونگی پر بیٹھے افراد پر مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت 30 سالہ جاوید بلوچ، 30 سالہ فتح محمد کے ناموں سے ہوئی جبکہ زخمی ہونے والوں میں 32 سالہ اکبر، 35 سالہ زاہد ولد حامد اور ہمان چند شامل ہیں۔ ہمان چند کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے واقعہ منشیات فروشوں کے دو گروہوں میں تصادم کے نتیجے میں پیش آیا۔ پیر آباد تھانے کی حدود بلوچ روڈ پر ایک گھر میں گھس کر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت مبارک اور نسرین کے نام سے ہوئی۔ غازی آباد کرسچین محلے سے ایک شخص کی 4 دن پرانی نعش برآمد ہوئی۔ مقتول کی شناخت سیف الدین کے نام سے ہوئی۔ سپر ہائی وے پر جمالی گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت 60 سالہ سراج الدین کے نام سے ہوئی۔