• news

پیپلز پارٹی نے عمران اور طاہر القادری سے مذاکرات کیلئے ٹیم بنا دی

کراچی (سٹاف رپورٹر) آصف علی زرداری نے خورشید شاہ کو ہدایت کی کہ وہ عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کو قائل کریں کہ وہ کسی سازش کا شکار نہ ہوں، وہ بلاول ہائوس میں پیپلز پارٹی کے رہنمائوں سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر خورشید شاہ‘ اعتزاز احسن اور رضا ربانی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمہوریت بچانے کے لئے پیپلز پارٹی کوششیں جاری رکھے گی اور تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لیکر جدوجہد کرے گی۔ بلاول ہائوس میں سیاسی مشاورت جاری رہی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ جمہوریت بہت قربانیوں کے بعد ملی ہے اس کی ہر صورت میں حفاظت کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈیڈ لاک ختم کرانے کے لئے قمر زماںکائرہ‘ مخدوم شہاب الدین اور جہانگیر بدر کو مذاکراتی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور رحمن ملک سے صلاح و مشورے کئے۔ اجلاس میں ایوان بالا اور ایوان زیریں میں حکومت کی حمایت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب کی قیادت کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کو متحرک کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ پیپلز پارٹی غیر جمہوری عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔

ای پیپر-دی نیشن