بھارت میں سبز ہلالی پرچم سربلند
حافظ محمد عمران
پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلوں کے مقابلے زیادہ نہیں ہوتے اور جب کبھی بھی دونوں ممالک کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میدیان میں اترتی ہیں تو جذبات اپنے عروج پر ہوتے ہیں۔ بھارت کی اکثر ٹیمیں پاکستان کے خلاف کسی بھی سطح پر ہونے والے مقابلوں سے کتراتی ہیں۔ پاکستان اور بھارت کی فٹبال فیڈریشن کے درمیان 2005ءمیں باہمی سیریز کا معاہدہ ہوا تھا پہلے مرحلے میں بھارتی ٹیم تین میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آئی تھی۔ اس وقت دونوں ٹیموں کے درمیان ایک میچ برابر رہا تھا جبکہ ایک میچ میں بھارت نے ایک صفر سے کامیابی حاصل کی تو دوسرے میچ میں پاکستان نے بھارت کو تین صفر سے زیر کیا۔ سیریز کے اختتام پر پاکستان ٹیم نے بہتر گول اوسط کی بنا پر سیریز اپنے نام کر لی۔ تقریباً 9 سال کے وقفہ کے بعد پاکستان ٹیم نے بھارتی فٹبال فیڈریشن کے ساتھ رابطہ کر کے جوابی سیریز کے لیے بھارت جانے کا پروگرام بنایا جس میں طے پایا کہ دونوں ممالک کی ٹیموں کے درمیان دو میچوں کی سیریز بنگلور میں منعقد ہوگی۔ اگلے ماہ ایشین گیمز کے مقابلے جنوبی کوریا میں منعقد ہونے جا رہے ہیں۔ جس کی تیاری کے لیے قومی ٹیم کو انٹرنیشنل میچز کی انتہائی ضرورت تھی۔ ایسے میں بھارت کے خلاف سیریز کا انعقاد ہونا خوش آئند ہے۔ بنگلہ میں منعقد ہونے والی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان ٹیم کو ایک صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم دوسرے میں پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے دو صفر سے بھارت کو مات دیکر ایک مرتبہ پھر سیریز گول اوسط کی بنا پر اپنے نام کر لی۔ 9 سال بعد بھی پاکستان ٹیم نے ایک مرتبہ بھارتی ٹیم کو بہتر گول اوسط کی بنا پر شکست سے دو چار کیا۔ پاکستان ٹیم کی بھارت کے خلاف کامیابی خوش آئند ہے جس کے پاکستان فٹبال پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے دورہ بھارت کے لیے کلیم اﷲ کو ٹیم کی قیادت سونپی تھی ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان میں فٹبال ترقی کرنا شروع ہو گئی ہے کیونکہ نوجوان کھلاڑی کا ایک غیر ملکی کلب کے ساتھ دو سال کا معاہدہ ہوا ہے جس کی بنا پر وہ کروڑ پتی بن گئے ہیں۔ بھارت کو اس کے میدان میں ہرانے پر قومی ٹیم نے پوری قوم کے دل جیت لیے ہیں جس پر کھلاڑی، ٹیم مینجمنٹ سمیت پاکستان فٹبال فیڈریشن مبارکباد کی مستحق ہے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کی حوصلہ افزائی کے لیے 65 لاکھ روپے کی نقد انعامی رقم کا اعلان کیا ہے، کھلاڑیوں کے لیے 50 لاکھ اور آفیشلز کے لیے 15 لاکھ روپے رکھے ہیں۔ بھارت میں سیریز مکمل کرنے کے بعد پاکستان ٹیم بحرین پہنچ چکی ہے جہاں وہ تین میچوں کی سیریز میں حصہ لے گی۔ بحرین میں یہ میچ 25، 27 اور 29 اگست کو کھیلے جائیں گے۔ بحرین کا دورہ مکمل کر کے پاکستان ٹیم یکم ستمبر کو واپس پاکستان پہنچے گی جہاں اس کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ فیڈریشن نے کھلاڑیوں کے لیے انعامی رقم کا اعلان کر کے اپنا فرض پورا کر دیا ہے اب حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی حوصلہ افزائی کرئے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات کا کہنا ہے کہ ہم نے فٹبال کی ترقی کے لیے جو اقدامات کیے تھے ان کا ثمر ملنا شروع ہو گیا ہے اب وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ٹیم دیگر ٹیموں کے خلاف بھی کامیابیاں سمیٹنا شروع کر دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بحرین سے تعلق رکھنے والے کوچ نے پاکستان ٹیم کو وننگ ٹریک پر ڈالنے کے لیے کافی محنت کی ہے ہم بحرین اور ایشین فٹبال فیڈریشن کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمیں ایک اچھا محنتی کوچ مہیا کیا ہے۔ صدر پی ایف ایف فیصل صالح حیات کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے کھلاڑیوں کے غیر ملکی کلبوں کے معاہدوں کی کوشش کر رہے ہیں۔ کلیم اﷲ جن کا غیر ملکی کلب کے ساتھ دو سال کا معاہدہ ہوا ہے اس کے علاوہ صدام حسین بھی غیر ملکی کلب کی پاکستان کی جانب سے نمائندگی کر رہے ہیں اب وہ وقت دور نہیں ہے جب ہمارے کھلاڑیوں کو بڑی تعداد میں غیر ملکی کلب حاصل کرنا شروع کر دینگے۔ سید فیصل صالح حیات کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فٹبال کا ٹیلنٹ بہت زیادہ ہے جسے اوپر لانے کے لیے ہم نے گراس روٹ لیول سے کوششیں شروع کر رکھی ہیں، کلب فٹبال کو پرموٹ کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں ہونے والی لیگ فٹبال سے بھی کھلاڑی بڑی تعداد میں اوپر آنا شروع ہو گئے ہیں جو خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی ٹیم جب بھی کسی غیر ملکی دورہ سے واپس آئے گی اس کے اعزاز میں تقریب منعقد کی جائے گی گذشتہ دنوں ہم نے اپنی کلب چیمپیئن کے اعزاز میں بھی تقریب منعقد کی تھی۔ بھارت کے خلاف دو سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد بھارتی ٹیم کوشش کرئے گی کہ اس شکست کا بدلہ چکایا جائے لہذا پاکستانی کھلاڑیوں پر بھاری ذمہ داری بنا گئی ہے کہ وہ اپنی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے مزید محنت کریں۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سیکرٹری کرنل (ر) احمد یار لودھی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم نے بھارت میں کامیابی حاصل کر کے پوری قوم کا سرفخر سے بلند کر دیا ہے جس پر کھلاڑی اور ٹیم آفیشلز مبارکباد کے مستحق ہیں۔