• news

تربت میں ایف سی کا آپریشن ،16 دہشت گرد ہلاک ‘ بھاری گولہ بارود برآمد

کوئٹہ(بیورو رپورٹ)تربت کے علاقے میں ایف سی اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 16 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ فرنٹیئر کور بلوچستان کے ترجمان کے مطابق جمعہ کو تربت کے علاقے دشت میں حساس اداروں کی اطلاع پر فرنٹیئر کور کی بھاری نفری نے دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کیا۔ آپریشن کے دوران کئی گھنٹوں تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، 12دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ایف سی نے دہشت گردوںکے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا۔ ترجمان نے بتایا کہ خفیہ اداروں کی جانب سے اطلاع تھی کہ مطلوب دہشت گردوں نے شہری علاقے کو گھیرے میں لیکر عام شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کا منصوبہ بنایا تھا جس پر فرنٹیر کور نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے معصوم جانوں کو دہشت گردوں کی ٹارگٹ کلنگ سے بچالیا علاقے کے عوام نے فرنٹیر کور بلوچستان کی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کو سراہا ہے۔دریں اثناء انسپکٹر جنرل فرنٹیر کور بلوچستان میجر جنرل اعجاز شاہد نے ایف سی جوانوں کی دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایف سی بلوچستان عوام کے تعاون اور انکی اطلاع پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرتی رہے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کے خاتمے تک فرنٹیر کور بلوچستان بلاتفریق کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے اور جب تک بلوچستان کو امن کا گہوارہ نہیں بنایا جائے گا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ آئی این پی کے مطابق ایف سی کے اعلیٰ افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دشت کے پہاڑی علاقے میں لڑائی دوپہر میں شروع ہوئی جس میں کئی عسکریت پسند زخمی بھی ہوئے۔ ایف سی کا دعویٰ ہے کہ دشت کا علاقہ اب کنٹرول میں ہے۔تربت کا علاقہ مکران کے ساحلی علاقے کے ساتھ واقع ہے جس کو صوبہ بلوچستان کے حساس ترین علاقوں میں شمار کیا جاتا ہے۔دریں اثناء ایف سی ترجمان کے مطابق تربت کے علاقے دشت میں ایف سی کے آپریشن کے دورا ن فائرنگ کے تبادلے میں مارے جانیوالے دہشت گردوں کی تعداد 16 ہے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ 20 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن