• news

پشاور: بارش سے 2 روز میں ہلاکتیں 13 ہوگئیں، پرویز خٹک نے زخمیوں کی عیادت کی

پشاور (ایجنسیاں) پشاور میں بارش، طوفان کے باعث 2 روز میں جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی، مواصلاتی نظام تاحال ٹھیک نہ ہو سکا اور کئی علاقے تاحال اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں ضلعی انتظامیہ نے 13افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے، اسسٹنٹ کمشنر پشاور کو فوکل پرسن تعینات کر دیا گیا گذشتہ شب پشاور میں ہونے والی موسلا دھار بارش اور طوفان کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور 52زخمی ہوئے تھے جن میں ایک زخمی جمعہ کے روز دم توڑ گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے 13افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے اور اسسٹنٹ کمشنر پشاور کو فوکل پرسن تعینات کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس جا کر وہاں گزشتہ رات طوفان میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی انہوں نے تمام زخمیوں اور انکے تیمار داروں کو یقین دلایا علاج کی تمام بنیادی سہولیات کے علاوہ طوفان میں جاں بحق اور زخمی افراد کے اہل خاندان کی خاطر خواہ مالی امداد بھی کی جائے گی۔ صوبائی وزیر اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق غنی بھی انکے ہمراہ تھے اس موقع پر عام مریضوں اور انکے تیمار داروں نے وزیراعلیٰ کو اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیاجن کا انہیں مناسب ازالے کا یقین دلایا گیا۔ کمپلیکس ہسپتال میں وزیراعلیٰ نے ہسپتال کی انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ تمام طبی عملے کیلئے تحریری ضابطہ اخلاق مرتب کرے اور ان پر واضح کیا جائے ہم سب عوام کے آقا نہیں بلکہ انکے خدمتگار ہیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی مریضوں سے ناشائستہ رویہ اپنانے والے عملے کے تبادلے کی بجائے انہیںملازمت سے برخاست کرنے کا طریقہ کار اپنایا جائے۔ پرویز خٹک نے رنگ روڈ اور کوہاٹ روڈ سمیت شہر کے مختلف مقامات پر عمارات کی دیواریں اور درخت گرنے کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ بھی لیا اور اس بارے میں حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ ہسپتالوں میں باتیں کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا انہیں پشاور و نواحی علاقوں میں ایک ہفتہ کے اندر دوسری مرتبہ شدید طوفان باد و باران میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر انتہائی دکھ پہنچا ہے۔ علاوہ ازیں پرویز خٹک نے مانسہرہ کے دور افتادہ کوہستانی علاقے گرلاٹ میں ناران جانے والی ایک مسافر جیپ کے حادثے پر انتہائی افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثناء صوبائی دارالحکومت پشاور میں گزشتہ شب بارش سے جاں بحق ہونے والے سات افراد کو آہوں اور سسکیوں میں سپردخاک کردیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن