• news

سنی اتحاد کونسل نے دھرنے کی حمایت کیلئے ملک گیر ’’یوم طاہر القادری‘‘ منایا

لاہور + گوجرانوالہ (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام اسلام آباد میں جاری انقلابی دھرنے کی تائید و حمایت کیلئے ملک گیر ’’یومِ حمایت طاہر القادری‘‘ منایا گیا اور جمعہ کے اجتماعات میں ڈاکٹر طاہرالقادری کے مطالبات کے حق میں قراردادیں منظور کی گئیں اور قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا وزیراعظم استعفیٰ دے کر اسمبلیاں تحلیل کریں اور جمہوری اصلاحات کے لئے قومی حکومت قائم کی جائے، سانحۂ لاہور کی ایف آئی آر فی الفور درج کی جائے، یومِ حمایت طاہرالقادری کے موقع پر علمائے اہلسنّت نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈے کو خطباتِ جمعہ کا موضوع بنایا۔ سنی اتحاد کونسل پنجاب کے جنرل سیکرٹری مفتی محمد سعید رضوی نے سمندری میں خطاب کرتے ہوئے کہا انقلاب مارچ نے قوم کو بیدار کر دیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ذاتی نہیں قومی جنگ لڑ رہے ہیں، انقلاب مارچ اپنے مقاصد میں ضرور کامیاب ہو گا۔ سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری نے المرکز الاسلامی شادباغ لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے کہا ڈاکٹر طاہرالقادری کی للکار اور یلغار سے حکمران کانپ رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری قوم کا مسیحا ثابت ہو گا۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی وائس چیئرمین سیّد جواد الحسن کاظمی نے چکوال میں خطاب کرتے ہوئے کہا انقلاب مارچ مظلوموں کی آواز ہے۔ سنی اتحاد کونسل بلوچستان کے صدر مولانا محمد وزیرالقادری نے کوئٹہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا انقلاب مارچ کے نتیجے میں ملک میں حقیقی جمہوریت آئے گی اور ظلم کے نظام کا خاتمہ ہو گا۔ یومِ حمایت طاہرالقادری کے موقع پر پشاور میں مفتی فضل جمیل، گوجرانوالہ میں مولانا محمد اکبر نقشبندی، فیصل آباد میں ملک بخش الٰہی، جڑانوالہ میں مفتی محمد یونس، گجرات میں صاحبزادہ مطلوب رضا، بوریوالہ میں پیر سیّد محمد اقبال شاہ، ملتان میں مولانا قاری فیض بخش رضوی، صادق آباد میں میاں احسان الحق اسد نے اجتماعات سے خطاب کیا۔  علاوہ ازیں علماء کرام کے حکومت سے مطالبہ کیا ڈاکٹر طاہر القادری کے آئینی جمہوری مطالبات جو پوری قوم کی ترجمانی کرتے ہیں تسلیم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا گو زرداری گو کے نعرے لگانے والوں کو گو نواز گو کے نعروں سے کیوں تکلیف ہو رہی ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا 10 نکاتی ایجنڈا استحکام پاکستان کی ضمانت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن