• news

منڈیوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا چاہتے ہیں : ڈاکٹر فرخ

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹیوں کا موجودہ نظام عام آدمی کو سہولت فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ طلب و رسد اور پیداوار کے بنیادی اصولوں کی روشنی میں اصلاحات کر رہے ہیں۔ حکومت پنجاب منڈیوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق آراستہ کرنا چاہتی ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق ماہرین اور تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے قابلِ عمل اور دیرپا نظام متعارف کروائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے مارکیٹ کمیٹیوں کے نظام میں اصلاحات کے بارے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت علی طاہر، سپیشل سیکرٹری زراعت (مارکیٹنگ) ڈاکٹر محمد صالح طاہر، ڈاکٹر دل محمد، سلمان غنی اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں قائم منڈیوں اور مارکیٹ کمیٹیوں کے نظام میں موجود خرابیوں کے باعث کاشتکاروں اور صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے بھر کی منڈیوں میں ایسا نظام وضع کرنا چاہتی ہے جو بیک وقت صارفین اور کاشتکار دونوں کیلئے موزوں ہو اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور کوالٹی کو بہتر انداز میں مانیٹر کیا جا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن