• news

لائیو سٹاک زراعت کو فروغ دیکر غربت اور بیروزگاری کم کی جا سکتی ہے : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آسٹریلیا میں پاکستان کی نامزد ہائی کمشنر نائلہ چوہان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان آسٹریلیا تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کیساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ پنجاب لائیوسٹاک اور حلال فوڈ کی بہت بڑی مارکیٹ ہے۔ آسٹریلوی سرمایہ کار حلال فوڈ کی صنعت میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ لائیوسٹاک اور زراعت کو فروغ دیکر قومی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکتا ہے۔ لائیوسٹاک اور زراعت کے شعبوں کو معیشت میں کلیدی اہمیت حاصل ہے۔ ان دونوں شعبوں کو فروغ دیکر غربت اور بیروزگاری میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں لائیوسٹاک کے فروغ کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی ہے۔ زرعی شعبے کی بہتری اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ مویشی پال کاشتکاروں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں۔ آسٹریلیا لائیوسٹاک اور زراعت کے شعبوں میں تعاون بڑھا سکتا ہے۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے انتہائی سازگار ماحول پیدا کیا گیا ہے۔ سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ آسٹریلیا کیلئے پاکستان کی نامزد ہائی کمشنر آسٹریلوی کمپنیوں کو حلال فوڈ میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے میں کردار ادا کریں۔ نائلہ چوہان نے کہا کہ وہ آسٹریلیا میں پاکستان کا امیج بہتر بنانے اور دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو بڑھانے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں گی۔ سیکرٹری لائیوسٹاک اور سیکرٹری زراعت بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بہاولپور کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے

ای پیپر-دی نیشن