• news

پاکستان کیساتھ بات چیت دوبارہ شروع کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، نیویارک میں وزرائے اعظم ملاقات بھی نہیں ہوگی: بھارت

نئی دہلی (آن لائن) بھارت نے پاکستان کیساتھ کسی بھی طرح کے مذاکرات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے نیویارک میں دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کی ملاقات نہیں ہوگی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان اکبرالدین نے واضح کردیا پاکستان کیساتھ اب کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا  پاکستان نے اپنی سرزمین بھارت مخالف سرگرمیوں کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کا وعدہ کیا تھا تاہم اس پر پاکستان نے عمل نہیں کیا۔ انہوں نے کہا  پاکستان کیساتھ بات چیت منسوخ کرنے کا فیصلہ مرکزی حکومت نے سوچ سمجھ کر کیا اور بات چیت دوبارہ شروع کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ پاکستان نے اپنے وعدوں کو عملی جامہ نہیں پہنایا بلکہ بھارت کیخلاف درپردہ جنگ شروع کرکے مذاکرات پر کاری ضرب لگادی۔ ترجمان نے کہا  ممبئی حملوں میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے پاکستان نے بھارت سے کئی وعدے کئے تاہم نامعلوم وجوہات کی بناء پر ممبئی حملوں میں ملوث افراد کو سزا دینے میں لیت و لعل کا مظاہرہ کیا گیا اور مرکزی حکومت نے پاکستان کو سبق سکھانے کیلئے خارجہ سیکرٹریوں کی سطح پر بات چیت کو منسوخ کیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کیساتھ دوطرفہ مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں سنجیدہ ہے اور بھارت تیسرے فریق کو مسئلہ کشمیر میں ٹانگ اڑانے کی اجازت نہیں دے گا۔
بھارت

ای پیپر-دی نیشن