• news

شاہ محمود قریشی کے گھر پر حملہ کرنیوالے بلال بٹ سمیت 17 لیگی رہنمائوں کی 4 ستمبر تک عبوری ضمانت منظور

ملتان (سپیشل رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 1 نے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے گھر پرحملہ کے مقدمہ میں ملوث 17 لیگی رہنمائوں کی عبوری ضمانتوں کو 4 ستمبر تک منظور کر لیا۔ عدالت نے مقدمہ میں ملوث لیگی رہنمائوں کو ضمانتوں کے عوض 1، 1 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔گزشتہ روز مقدمہ میں ملوث 17 لیگی رہنما اپنے وکلاء کے ساتھ خصوصی عدالت نمبر 1 پہنچ گئے۔ درخواست ضمانت نامزد لیگی رہنمائوں ضلعی صدر محمد بلال بٹ ضلعی جنرل سیکرٹری اطہر ممتاز، منیر اختر لنگاہ، شاہد مختار لودھی، ظہر حسین قادری، طارق امیر عباسی، عبدالغفار اعوان، مطیع الحسن بخاری، الیاس بھٹی، حفیظ احمد جوئیہ، سید جعفر علی شاہ، سہیل شاہ، ارشد گجر، اعجاز فخر، میڈم ثروت اور مقصوداں بیگم نے دائر کی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن