مودی کے دور میں مسلم کش فسادات‘ کشمیریوں کے قتل عام میں اضافہ ہوگیا: حافظ سعید
لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت امریکہ کی شہ پر کنٹرول لائن پر بار بار جارحیت کا ارتکاب کررہا ہے۔ مودی کے برسراقتدار آنے کے بعد مسلم کش فسادات اور نہتے کشمیریوں کے قتل عام میں اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں افراتفری اور باہمی لڑائی جھگڑوں سے بیرونی قوتیں فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ وطن عزیز کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے سرحدوں پر دباؤ بڑھایا جا رہا ہے۔ دشمنانِ اسلام کی سازشوں کے مقابلہ کیلئے فرقہ واریت و گروہی اختلافات کے خاتمہ اور اتحاد و یکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ مرکز القادسیہ چوبرجی میں جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی کمزور پالیسیوں سے فائدہ اٹھا کر بھارت سرحدی حدود کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ کشمیر پاکستانی قوم کی رگوں میں خون کی طرح دوڑتا ہے‘ مظلوم کشمیریوں کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔ کشمیری پاکستان کی سالمیت کی جنگ لڑرہے ہیں، کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ بھارت ظلم و جبر کی بنیاد پر کشمیریوں کو زیادہ دیر تک غلام بنا کر نہیں رکھ سکتا۔