نوازشریف کی معاونت اسحاق ڈار‘ خواجہ آصف سعد رفیق‘ عبدالقادر بلوچ جبکہ زرداری کی خورشید شاہ‘ رضا ربانی‘ اعتزاز اور رحمن ملک نے کی
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم محمد نوازشریف اور سابق صدر و پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں دونوں پارٹیوں کے چار، چار مرکزی رہنما معاونت کرتے رہے۔ مسلم لیگ (ن) کے وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ آصف‘ خواجہ سعد رفیق اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے وزیراعظم نوازشریف کی معاونت کی جبکہ ملاقات کے دوران جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے حکومت کی طرف سے دھرنوں پر بیٹھی ہوئی جماعتوں سے اب تک ہونیوالے مذاکراتی عمل کے بارے میں بریفنگ دی۔ دوسری طرف پیپلز پارٹی کی طرف سے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ‘ سینیٹر اعتزاز احسن‘ سینیٹر رضا ربانی اور سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے سابق صدر کی معاونت کی۔ تاہم سابق صدر زرداری اور وزیراعظم نوازشریف میں ون آن ون ملاقات نہیں ہوئی۔