’’انتخابی مہم کے دوران سابق صدر پر کڑی تنقید‘‘ شہبازشریف نواز، زرداری ملاقات میں شریک نہیں ہوئے
لاہور (این این آئی) کشیدہ سیاسی صورتحال میں وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری کے درمیان غیر معمولی اہمیت کی حامل ملاقات میں وزیراعلیٰ شہباز شریف موجود نہ تھے۔ مختلف حلقوں کے مطابق انتخابی مہم کے دوران شہباز شریف سابق صدر آصف زرداری کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں اور موجودہ حالات میں جب حکومت کو پیپلز پارٹی خصوصاً آصف علی زرداری کی حمایت درکار ہے ایسے میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے یقیناً سوچ بچار کے بعد یہ فیصلہ کیا ہو گا تاکہ کسی طرح بھی ماضی کو کریدا نہ جا سکے۔ سابق صدر زرداری اور انکے ساتھیوں کو ’’علی بابا، چالیس چور‘‘ کا خطاب بھی شہبازشریف نے دیا تھا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ چند روز قبل دبئی میں پیپلز پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے اجلاس میں کئی رہنمائوں نے شہباز شریف کی الزام تراشی کی وجہ سے سابق صدر سے مطالبہ کیا تھا کہ ہمیں مشکل کی اس گھڑی میں مسلم لیگ (ن) کی کوئی مد د نہیں کرنی چاہیے کیونکہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے تاہم زرداری نے اس سے اتفاق نہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جمہوریت کیلئے اس مشکل گھڑی میں ’’بڑے بھائی‘‘ کی مدد کریں گے۔