• news

لاہور سمیت کئی شہروں میں طویل لوڈشیڈنگ جاری، شہری سراپا احتجاج

لاہور (نامہ نگاران) لاہور سمیت کئی شہروں میں طویل لوڈشیڈنگ، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا۔ تفصیلات کے مطابق چک امرو سے نامہ نگار کے مطابق شکرگڑھ تحصیل کے درجنوں دیہات قصبات میں شدید لوڈ شیڈنگ پر شہریوں کا احتجاج، حکمرانوں کی عقل اب تک ٹھکانے نہیں آئی اگر عوام نے لوڈ شیڈنگ کی پاداش میں احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا تو عمران قادری کی مرادیں پوری ہو جائیں گی۔ قصبہ نورکوٹ، میرپور بھجنہ، اخلاص پور،کوٹ نیناں ودیگر قصبات میں بد ترین لوڈ شیڈنگ پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا اور حکومت مخالف نعرے بازی کی اور کہا عمران خان اور طاہر القادری کے دھرنوں نے بھی حکمرانوں کو سیدھی راہ نہ دکھائی اگر بجلی کے ستائے عوام واقعی گھروں سے نکل کھڑے ہوے تو حکمرانوں کا قبلہ درست ہو جائے گا۔ شہریوں حکومت سے لوڈ شیڈنگ کے عذاب کے خاتمے کا فوری مطالبہ کر دیا۔ چیچہ وطنی سے نامہ نگار کے مطابق چیچہ وطنی اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ نے کاروبار زندگی معطل کرنے کے ساتھ ساتھ نمازیوں کو بھی سخت پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے۔ سماجی، فلاحی اور عوامی حلقوں نے حکومت سے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وہاڑی  سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ نے صارفین کو پریشان کردیا مختلف علاقوں میں صارفین کی لاکھوں روپے کی اشیاء جل گئیں۔ صارفین کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا بجلی کی لوڈشیڈنگ سے تاجروں کے کاروباری بری طرح متاثر ہو گئے تاجر برادری مالی مشکلات کا شکار ہونے پر پریشان ہونے لگے۔ عوامی وسماجی اور شہری حلقوں راشدعمران، عرفان ہیری، رانا محمد اسلم، غلام مرتضیٰ، عبدالرحمان، اویس مجید، بہزاد شفیق ، حمزہ عثمان، حافظ علی رضا، دلشاد احمد، ماجد ندیم، شاہد فاروق، بابر علی، عبدالمجید ودیگر نے کہا موسم میں تبدیلی کی باوجود بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں کمی نہیں آرہی جس سے صارفین کی پریشانی بڑھ رہی ہے اور بجلی کی ٹرپنگ سے الیکٹرانکس کی اشیاء جل جاتی ہیں لہٰذا حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں فی الفور غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن