سابق پولیس اہلکار نے دھرنے میں بچے فروخت کیلئے پیش کر دیئے، وزیراعلیٰ کا نوٹس
لاہور/ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ آئی این پی) سابق پولیس اہلکار غلام جعفر نے اپنے بچے عوامی تحریک کے دھرنے میں فروخت کیلئے پیش کردئیے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سابق پولیس اہلکار غلام جعفر جو جھنگ کا رہائشی اور اڈیالہ جیل میں ہیڈکانسٹیبل تھا اس نے آئی جی جیلخانہ جات کی کرپشن کیخلاف درخواست دی تو اسے ریٹائرمنٹ سے دو ماہ قبل ہی نوکری سے نکال دیا گیا جس پر اس نے احتجاج کرتے ہوئے اپنے بچوں کو طاہرالقادری کے دھرنے میں فروخت کیلئے پیش کر دیا۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سابق پولیس اہلکار کی جانب سے بچے فروخت کرنے کے واقعہ کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی سابق پولیس اہلکار کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔