اورکزئی ایجنسی: امن لشکر سے جھڑپ، 5 دہشت گرد ہلاک، وانا میں دھماکہ، 2 افراد زخمی
اورکزئی‘خیبر ایجنسی (آئی این پی+نامہ نگار) اورکزئی ایجنسی میں امن لشکر اور دہشت گردوںکے درمیان جھڑپ میں 5دہشت گرد ہلاک اور 5زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جھڑپ سرحدی علاقے سپاہ کے پہاڑوں میں ہوئی، دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر امن لشکر علاقے میں پہنچا تو دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کردی۔ امن لشکر کی جوابی فائرنگ سے 5دہشت گرد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔ نعشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جنوبی وزیرستان ایجنسی وانا کے مین بازار کی پبلک واش روم میں رکھے گئے بارودی مواد کے دھماکے میں 2افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور وانا سکاؤٹس کیمپ میں ایف سی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولٹیکل انتطامیہ کے اہلکار نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس دھماکے میں کاشف اور شوکت زخمی ہوگئے ہیں جوکہ زیر علاج ہیں۔ کالعدم لشکر اسلام کے سابق ترجمان حاجی زرخان آفریدی کی نعش باڑہ سے برآمد ہوئی۔ انہیں تین ہفتے قبل شدت پسندوں نے اغوا کے بعد نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا تھا۔ دوران حراست ان کی موت واقع ہو گئی۔ ان کی نعش کو شدت پسندوں نے باڑہ کے نواحی سپین قبر کے علاقے میں پھینک دی۔ حاجی زر خان آفریدی لشکر اسلام کے قیام سے منسلک رہے اور انہیں ترجمانی کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔