ترکی کے قریب کامونکے کا نوجوان کنٹینر میں دم گھٹنے سے جاں بحق
کامونکے (نامہ نگار) مستقبل کے سنہری سپنے آنکھوں میں سجائے غیرقانونی طور پر بیرون ملک جانے والا نوجوان کنٹینر میں دم گھٹنے سے جان کی بازی ہار گیا۔ بتایا گیا ہے کہ محلہ سلامت پورہ کے چوبیس سالہ عاطف عرف بگا نے اپنے دیگر محلہ دار دوستوں حمزہ بٹ اور اعجاز عرف جانا کے ہمراہ گھر والوں کی مخالفت کے باوجود روزگار کے لئے ترکی سے یورپ جانے کا پروگرام بنایا اور گجرات کے ایک ایجنٹ کے ذریعے ایران پہنچا جہاں سے چوبیس گھنٹے پیدل سفر کی صعوبتیں جھیلنے کے بعد ایک بند کنٹینر میں ترکی بارڈر کی طرف جا رہا تھا کہ راستے میں دم گھٹنے سے جان کی بازی ہار گیا۔ متوفی نوجوان کے بارے میں اطلاع ملنے پر اس کے اہل خانہ پر صدمے کے پہاڑ ٹوٹ پڑے۔ نوجوان کی نعش پاکستان لانے میں ورثاء کو لاکھوں روپے اخراجات کے علاوہ دیگر قانونی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔